عمران خان نے فیصلے قرض دینے والے ممالک کو سونپ دیے،بلاول زرداری

184

کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلیے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کر دیا‘ عمران خان نے اپنے فیصلے قرض دینے والے ممالک کو سونپ دیا‘ اپنے بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان قرضوں پر ملکی معیشت چلاکر آئندہ آنے والی نسلوں کیلیے گڑھا کھود رہے ہیں، سخت شرائط پر قرضے لے کر معیشت چلانے کا تجربہ آئندہ
حکومتوں کیلیے بھی مسائل پیدا کرے گا۔ عمران خان کشکول اٹھائے واشنگٹن، ریاض، دبئی اور بیجنگ گھومتے رہے اور ملکی وقار خاک میں ملادیا، عمران خان نے پاکستان کے فیصلے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں۔ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلیے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 95 ارب ڈالر سے 116 ارب ڈالر ہوچکے ہیں، عمران خان صرف اس سال 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکے ہیں، اگر عمران خان اسی رفتار سے قرض لیتے رہے تو قوم کو مستقبل میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، عمران خان نے پاکستان کے بچے بچے کو قرض کی دلدل میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو دا پر لگانے کی کوشش کی ہے۔