مصباح الحق سب سے عمررسیدہ کپتان

247

پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نیازی 47 سال کے ہوگئے۔ وہ1974 میں پنجاب کے شہر میانوالی میں پیدا ہوئے تھے۔دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور لیگ بریک بولنگ کرانے والے مصباح الحق نے2001 اور2017 کے درمیان75 ٹیسٹ،162 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں اور39 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
مصباح الحق جنہوںنے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں مارچ 2001 کو اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا، ویسٹ انڈیز کے خلاف روزیو میں مئی2017 میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلے تھے۔ انہوں نے کل75 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جن کی132 اننگزمیں46.62 کی اوسط اور44.53 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ10 سنچریوں اور39 نصف سنچریوں کی مدد سے5222 رنز بنائے تھے۔ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر 161رنز ہے جو انہوں نے542 گیندوں پر351 منٹ میں13 چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے بھارت کے خلاف کلکتہ میں نومبر 2007 میں بنایا تھا۔ یہ میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سست بلے بازی کے لیے مشہور مصباح الحق نے ابوظبی میں آسڑیلیا کے خلاف 2 نومبر2014 کو اپنی آئوٹ ہوئے بغیر101 رنز کی اننگ میں سنچری56 گیندوں پر11چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے مکمل کرکے ویسٹ انڈیز کے ووین رچردڑز کا سب سے تیز سنچری کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔ اس وقت یہ گیندوں کے اعتبار سے مشترکہ طور پر تیسری سب سے تیز سنچری تھی۔
مصباح الحق نے جب آخری مرتبہ پاکستان کی قیادت کی تھی تو انکی عمر42 سال اور351 دن تھی۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے عمر رسیدہ اور کل ملاکر 5ویں سب سے عمر رسیدہ کپتان تھے۔ انہوں نے جن 56 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی اس میں سے26 میں انہیں کامیابی ملی ، 19 میں شکست ہوئی اور11 ٹیسٹ برابر رہے۔ان سے زیادہ ٹیسٹ میچوںمیں نہ تو کسی کھلاڑی نے پاکستان کی قیادت کی ہے اور نہ ہی اتنے ٹیسٹ جیتے ہیں۔
مصباح الحق نے2002 اور2015 کے درمیان جن 162 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ان کی149 اننگز میں43.40 کی اوسط اور73.75 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ42 نصف سنچریوں کی مدد سے5122 رنز بنائے تھے۔اس قسم کے کرکٹ میں وہ کوئی سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر96 رنز ہے جو انہوں نے 7 جون 2013 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اوول میں187 منٹ میں127 گیندوں پر 5 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔اس میچ میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔جن87 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انہوں نے پاکستان کی قیادت کی اس میں45 میچوں میں کامیابی ملی،39 میں شکست ہوئی اور 3 میچ غیر فیصلہ کن رہے جس میں 2 ٹائی میچ رہے۔ مصباح الحق نے2007 اور2012 کے درمیان 39 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں788 رنز بنائے تھے۔