سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں ریلوے اراضی پر تجاوزات کیخلاف عملے کا آپریشن، علاقہ مکینوں کی مزاحمت، جھڑپیں، ہوائی فائرنگ اور شیلنگ، ریلوے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا، پی ٹی آئی رہنما کی مداخلت کے بعد آپریشن پندرہ روز کے لیے موخر، سکھر میں ریلوے کی جانب سے اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران ریلوے کے عملے نے پولیس کے ہمراہ سکھر کے علاقے گرم گودی میں کارروائی کی تو علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے مزاحمت شروع کردی اور ریلوے کے عملے پر پتھراؤ کردیا جس کے جواب میں ریلوے پولیس ان کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی جس کی وجہ سے علاقہ مظاہرین اور ریلوے کے عملے کے درمیان کافی دیر تک میدان جنگ بنا رہا، تاہم علاقہ مکینوں کی جانب سے مزاحمت کے باوجود ریلوے عملے نے تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھا اور دکانوں و گھروں سے لوگوں کا سامان باہر نکال کر رکھ دیا۔ جھڑپوں کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے رہنما مبین جتوئی علاقے میں پہنچ گئے اور ریلوے حکام سے مذاکرات کرکے جاری آپریشن پندرہ روز تک کے لیے موخر کروا دیا۔