دادو، نومولود کی ہلاکت، باپ ڈاکٹر کیخلاف عدالت پہنچ گیا

174

دادو (نمائندہ جسارت) دادو شہر میں نجی کلینک پر ڈاکٹر کی غفلت سے نومولود بچے کی ہلاکت پر ڈاکٹر اللہ بخش کوریجو کیخلاف بچے کے والد ریاض کوریجو عدالت پہنچ گئے، والد نے عدالت میں اپنے وکیل کی معرفت پٹیشن دائر کردی، عدالت نے ڈاکٹر اللہ بخش کوریجو اور سول سرجن دادو کو 31 مئی کو طلب کرلیا، نوٹس جاری۔ شہری ریاض کوریجو نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ بچہ صحت مند پیدا ہوا، چیک اپ کے لیے سول اسپتال لے گئے، جہاں پر بچے کا چیک اپ کرکے آکسیجن لگائی گئی، کچھ ہی دیر میں ڈاکٹر اللہ بخش کوریجو نے کہا کہ آپ جاسکتے ہیں، بچہ ٹھیک ہے، شام کو میری نجی کلینک پر چیک کرانے آجانا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام کو ڈاکٹر اللہ بخش کے نجی کلینک پر بچے کو لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹر نے معائنہ کیے بغیر ہائی ڈوز انجکشن لگائے جس سے بچے کی حالت خراب ہوئی۔ ڈاکٹر نے کہا کہ بچے کی حالت خراب ہے نوابشاہ لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی موت ڈاکٹر کی غفلت اور غلط علاج کے باعث ہوئی، ڈاکٹر کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔