بدین (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پانی کی تقسیم کے معاملے پر منصفانہ و مساوت پر مبنی نئے معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پانی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، سندھ کے مسائل حل کرنے میں وفاقی حکومت کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ تعلقہ ماتلی کے گاوَں بشیر احمد ہالیپوتہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہو یا اس سے پچھلی حکومت، زیریں علاقوں کے مکینوں کے ساتھ ناانصافیاں کرتی آئی ہیں۔ا نہوںنے کہا کہسندھ میں پانی کی چوری برداشت نہیں کریں گے۔ رواں مالی سال کے دوران فقط ضلع بدین کے لیے 7 ارب سے زاید رقم مختص کی گئی ہے جس سے کینالوں کی لائننگ اور ایل بی او ڈی کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کے خلاف پارلیمان کے اندر اور باہر مقابلہ کیا جائے گا، اور جب تک پاکستان کی معاشی پالیسی عوام دوست نہیں بن جاتی، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ایسی معاشی پالیسی ہوجو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر نہ بنائی گئی ہو۔ ایک صحافی کی جانب سے پی ڈی ایم کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مریم نواز کو جوابدہ ہے نہ میاں صاحب کو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف قائدِ حزبِ اختلاف اور(ن) لیگ کے صدر ہیں،ان کے مؤقف کو ہم (ن) لیگ کا موقف سمجھیں گے اور اس کے مطابق سیاست کریں گے۔انہوںنے کہا کہ سندھ میں جو امن وامان قائم ہوا وہ سندھ حکومت اوراس کی پولیس کی مرہون منت ہے۔دریں اثناء بلاول زرداری نے ماتلی تحصیل کے گاؤں بشیر ہالیپوتہ میں نومنتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاڈا محمد ہالیپوتہ اور شہزاد ہالیپوتہ سے مرحوم بشیر احمد ہالیپوتہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ چیئرمین بلاول زرداری کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سہیل انور سیال،رکن قومی اسمبلی میرغلام علی تالپور اور ارکان سندھ اسمبلی تاج محمد ملاح، اعجاز شاہ بخاری، میراللہ بخش تالپور، ارباب لطف اللہ اور تنزیلہ قمبرانی سمیت پارٹی رہنما بھی ہمراہ تھے۔ بدین میں پریس کانفرنس کے بعد بلاول زرداری نے ٹنڈو محمد خان میں 30 میل کراس ریگولیٹر پر پھلیلی کنال کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ٹنڈومحمدخان اور بدین کی 15 لاکھ ایکڑ زرعی زمین کو سیراب کرنے والے پھلیلی کنال بحالی منصوبے پر وزیرآبپاشی سندھ سہیل سیال نے بریفنگ دی۔