کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ امن وامان سندھ حکومت کا مسئلہ ہے، سندھ میں گورنرراج کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،مراد علی شاہ سے ملکرڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ ا?پریشن کریں گے،بدامنی کے خاتمہ کے لیے سندھ سمیت جس صوبے کوضرورت ہوگی مدد کریں گے۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا کے افسران نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ کالعدم تحریک لبیک کے معاملے پرکمیٹی بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سندھ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 2 روزہ دورے پر کراچی آمد کے بعد ائرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے اوروزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی آیا ہوں،کسی مشن پر نہیں ہوں، امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے،صوبے میں نہ گورنر راج آ رہا ہے اور نہ ہی آپریشن کرنے جا رہے ہیں،میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا احترام کرتا ہوں لیکن میں غیر ذمے دار نہیں ہوں اور وزیراعظم کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کروں گا، جمعرات کو گورنر سندھ سے ملاقات کر کے نادرا کا دورہ کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ نادرا بہت بڑی چور بازاری ہے، اس ملک میں کرپشن کے ڈھیر ہیں اور نئے چیئرمین کے ساتھ مل کر ان کا صفایا کرنا ہے، شناختی کارڈ کے اجرا میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کیا گیا ہے جس پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر دیا جارہا ہے جیسے سندھ جل رہا ہے، رینجرز اور ایف سی سے بات کر کے معاملہ بہتر کریں گے اور اسی لیے جمعرات کو صبح دس بجے مل رہے ہیں ‘ حتمی فیصلہ عمران خان کا ہوگا،موجودہ دورمیں کسی کواسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا گیا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کراچی سے منشیات کا خاتمہ کریں گے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ سے بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں صرف ایک گروپ ہے اوروہ عمران خان کا ہے، رنگ روڈ معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے۔