سندھ میں کوئی گورنر راج نہیں لگایا جا رہا، شیخ رشید

540

کراچی: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کراچی پہنچ گئے ہیں، وہ صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ میں بڑھتے جرائم اور لاقانونیت کی شکایات پر وزیراعظم عمران خان نے وزیرداخلہ شیخ رشید کو فوری سندھ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی، وزیرا اعظم کی ہدایت پر شیخ رشید کراچی پہنچ گئے ہیں، وہ کراچی مٰں پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے، اور صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیں گے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید امن وامان پر کراچی میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس رینجرز ہیڈکوارٹر میں ہوگا، وزیر داخلہ کراچی اور سندھ میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ کو شکارپور میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوگی، ملاقات میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی گورنر سندھ سے بھی ون آن ون ملاقات کل ہوگی۔

کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی کے امن و امان کا جائزہ لینے آیا ہوں، رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کروں گا، امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے، ملک میں اسے دکھایا جا رہا ہے جیسے سندھ جل رہا ہے، شکارپور تک جیکب آباد خون کی ہولی دکھائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کراچی کسی مشن پر نہیں آیا، نادرا میں چور بازاری ہے، کرپشن کے ڈھیر لگے ہیں، نئے چیئرمین کے ساتھ مل کر اس کا صفایا کریں گے، بوگس شناختی کارڈز جاری کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی، سندھ میں کوئی گورنر راج نہیں لگایا جا رہا، گورنر سندھ اور حساس اداروں سے ملاقات صوبے میں امن و امان لانے کیلئے کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی دوسرا گروپ نہیں، ٹی ایل پی اور رنگ روڈ پر کمیٹی بنا دی گئی ہے، جلد اچھی خبریں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے منشیات کا خاتمہ کروں گا،امن و امان سندھ حکومت کا مسئلہ ہے،ہم صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اسے حل کریں گے۔