فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے امریکا کو فضائی اور زمینی راستے دینے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویزمشرف کی غلطی دہرائی گئی تو یہ ملک اور قوم کے لیے ایک اور المیہ ہوگا۔ پاکستان پرائی جنگ اپنے کندھوں پر لادنے کی بھاری قیمت پہلے ہی ادا کرچکاہے۔ ڈالروں کے عوض امریکا کی جنگ میں 70 ہزارافراد ایندھن بنے ۔حکومت نے پرویز مشرف کی پالیسی اپنا کر اپنے تبدیلی کے نعرے کو خود دفن کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت کو امریکا کے اس بیان کی فوری وضاحت کرنی چاہیے، جس میں دعویٰ کیا گیاہے کہ پاکستان میں امریکی فوج کو فضائی اور زمینی حدود کو استعمال کرنے کی دوبارہ اجازت د ی گئی ہے۔