اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم نے سندھ میں جرائم اور امن کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر حکمت عملی طے کریں گے۔ اس بات کی تصدیق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے ایک بیان میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے سندھ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔فواد چودھری نے کہا کہ دونوں افراد نے وزیراعظم کو سندھ میں بد انتظامی اور خصوصاً امن وامان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔ ان معلومات پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کراس صورتحال پر حکمت عملی طے کریں۔ وزیر داخلہ اس دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے۔