وزیراعظم نے غربت میں کمی کیلیے کچھ نہیں کیا، بلاول

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جھوٹ اور دھوکے کو یوٹرن کا نام دے کر اس پر فخر کرنا عمران خان کے مزاج کا حصہ بن چکا ہے، پی پی پی نے غربت میں کمی کیلیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، عمران خان نے اس کا نام بدل ڈالا،عدالت عظمیٰ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کے اعتراف کے باوجود احساس پروگرام کو نیا منصوبہ قرار دینا عوام سے دھوکا ہے۔ بلاول زرداری نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بتائیں کہ بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے علاوہ انہوں نے غربت میں کمی کیلیے اب تک کیا کیا؟ وزیراعظم بی آئی ایس پی کا نام کچھ بھی رکھ دیں، عوام سب جانتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول زرداری نے ناصرشاہ، سعید غنی اور عبدالقادر پٹیل ے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ وفاقی حکومت غیرقانونی طور پر سندھ میں پانی کی ترسیل میں رکاوٹ ڈال رہی ہے،کراچی کے شہری عمران خان کے سندھ کے حصے کا پانی روکنے کے جرم کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔