شاہد خاقان کی پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوباہ شمولیت پر استعفے دینی کی دھمکی

282

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے پر مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی اورکہا کہ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، پیپلزپارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکرٹری جنرل ڈھونڈ لے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کو لیکر نیا پنڈورا باکس کھلنے کا امکان ہے جبکہ پیپلز پارٹی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے کے معاملے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے تحفظات برقرار ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے معاملے پر تحفظات برقرار ہیں، پیپلز پارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکرٹری جنرل ڈھونڈ لے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی کو کوئی دعوت نہیں دی گئی، فضل الرحمان نے واضح کہا ہے پیپلزپارٹی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، پی ڈی ایم میں اگر کسی نے شامل ہونا ہے تو اس کا اعتماد بحال کرے، پی ڈی ایم ایسا اتحاد نہیں جس سے جب دل چاہا نکل جائیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا ادارہ نیب ہے، کابینہ جو مرضی فیصلے کرتی رہے افسران عمل نہیں کرتے، ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، 53 روپے والی چینی 110 روپے کلو میں مل رہی ہے، چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ داروں کا آج تک پتہ نہیں چل سکا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ حکومت بے بنیاد الزامات کے سوا کچھ نہیں کر رہی، کمیشن بنے، رپورٹس بھی آئیں لیکن نیب ابھی تک خاموش ہے، رنگ روڈ معاملے کی تفتیش کے بعد سب بری الذمہ ہوجائیں گے، استعفی دینے والے قربانی کا بکرا ہیں، استعفی دلوا کر اصل ذمہ داران کو بچایا جا رہا ہے۔