سپریم کورٹ کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے، حافظ نعیم  کا مطالبہ

406

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے،سپریم کورٹ کے الیکٹرک کی بد ترین اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی سے محروم عوام احتجاج کرنے اور سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں، لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری کے الیکٹرک اور حکومت پر عائد ہوسکتی ہے،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اور تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث طلبہ و طالبات آن لائن کلاسز لینے سے بھی قاصر ہیں، سخت گرمی کے دوران 8سے 10گھنٹوں تک بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے اسے مسلسل نواز رہی ہے اور عوام کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ کے الیکٹرک کے دعووں کے برعکس اب تک بن قاسم پلانٹ تھری شروع نہ ہوسکا، اہل کراچی بد ترین و طویل لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے تاحال نجات حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیپرا کو حکم دیا تھا کہ کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کرنے اور مزید بجلی کمپنیوں کو لائسنس دینے کے حوالے سے عوامی سماعت کرے اور عوامی آراء کی روشنی میں فیصلہ کرے،جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے حق میں وفاقی حکومت اور نیپرا کی عوام دشمنی کو ہر گز قبول نہیں کرے گی۔