اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)فراڈ کے ملزم واجد احمد کی عدالت عظمیٰ سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی۔پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ کیس کی سماعت جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت درخواست گزار واجد احمد کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ میرے موکل کے خلاف پولیس ڈراما کر رہی ہے،پولیس نے خود جعلی دستاویزات تیار کر کے مقدمہ بنایا،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اس موقع پر ملزم کے وکیل کو مخاطب کرتے کہا کہ آپ کے بغیر ثبوت پولیس پر کیسے الزام لگا سکتے ہیں،پولیس کو کیا ضرورت تھی کہ وہ جعلی دستاویزات بنائے،نوٹس بھیج کر ابھی پولیس حکام کو بلا لیتے ہیں،اگر آپ کی بات غلط ثابت ہوئی تو نتائج کے ذمے دار آپ خود ہوں گے۔چینیوٹ کے رہائشی واجد احمد پر جعل سازی کے ذریعے لاکھوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔پولیس نے ملزم کی عدالت عظمیٰ سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا ہے۔