نوابشاہ، ریلوے اسٹیشن پر دکانیں بناکر فروخت کرنیکا انکشاف

155

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) ریلوے اسٹیشن خواتین کے لیے مخصوص مسجد کی جگہ پر دکانیں بنا کر فروخت کیے جانے کی سازش بے نقاب ہوگئی، اسٹیشن ماسٹر کی نشاندہی پر ریلوے آفیسر کیخلاف FIR درج، ملزم موقع سے فرار۔ نوابشاہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر بلال مسجد کے ساتھ قائم خواتین کے لیے مخصوص ویٹنگ ہال کی پشت پر خواتین کو نماز کی باپردہ سہولت کی خاطر مسجد کے لیے مخصوص زمین پر دکانیں بنا کر فروخت کیے جانے کی سازش بے نقاب ہوگئی۔ ریلوے سکھر کے اعلیٰ افسران کے نام کو استعمال کر کے مسجد کی زمین پر دکانیں بنائے جانے کا عمل جاری تھا کہ لوگوں کی جانب سے اسٹیشن ماسٹر فیاض حسین کو اطلاع دی گئی۔ انسپکٹر آف ورکس وجاہت ایاز نے غلط بیانی اور اعلیٰ افسران کا نام استعمال کرتے ہوئے اسٹیشن ماسٹر کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم اعلیٰ افسران سے رابطے پر ساری سازش بے نقاب ہوگئی۔ اسٹیشن ماسٹر فیاض حسین کی مدعیت میں ماڈل تھانہ ریلوے میں ملزم وجاہت ایاز کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزم ریلوے آفیسر وجاہت ایاز موقع سے فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اور اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ریلوے افسران کا نام غلط استعمال کرتے ہوئے ریلوے کی زمین پر جگہ تعمیر کررہا تھا، پولیس کے مطابق جگہ کو مسمار کرکے ملزم کیخلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔