سکھر، ریلوے کی اراضی اور کوارٹر خالی کرانے کے لیے آپریشن

194

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اور روہڑی میں ریلوے کی اراضی اور کوارٹر خالی کرانے کے لیے آپریشن،سکھرمیں کوارٹر خالی کرائے جانے کے دوران ریٹائرڈ ملازم فوت، ورثاء کا لاش سمیت دھرنا، ریلوے کے عملے پر تشدد کرکے ہلاک کرنے کا الزام، روہڑی میں کئی دکانیں اور گھر مسمار کردیے گئے، پاکستان ریلوے سکھر ڈویژن کی جانب سے ریلوے کی اراضی اور کوارٹر قابضین سے خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ریلوے انتظامیہ نے روہڑی اور سکھر میں کارروائی کا آغاز کردیا ہے، سکھر میں ریلوے کے عملے نے ڈی ایس آفس کے قریب واقعہ کوارٹر خالی کرانے کے لیے کارروائی کی، ایک ریٹائرڈ ملازم گل محمد ابڑو کے کوارٹر خالی کرانے کی کوشش کی تو وہ صدمے سے فوت ہوگیا، اس کی ہلاکت پر اس کے ورثاء اور علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے لاش اٹھا کر پہلے پریس کلب اور بعد ازاں ڈی ایس آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ملازم کی ہلاکت ریلوے عملے کے تشدد سے ہوئی ہے، ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب روہڑی کے علاقے لوکوشیڈ اور نیو یارڈ میں بھی ریلوے کے عملے نے پولیس کی مدد سے آپریشن کرتے ہوئے بلڈوزر اور کرینوں کے ذریعے ریلوے کی اراضی پر بنے کئی گھر اور دکانیں مسمار کردیں۔ روہڑی کے علاقے میں ریلوے کے عملے کا آپریشن جاری ہے۔