شہباز شریف کی بیرون ملک جانے کی درخواستیں واپس لینے پرنمٹا دی گئیں

146

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیرون ملک جانے کے معاملے پر دائر درخواستیں واپس لینے کی بنا پر نمٹا دیں۔ جسٹس علی باقر نجفی نے متفرق درخواست پر سماعت کی۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا اور اس صورت میں یہ درخواستیں قابل پیشرفت نہیں رہیں، وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواستیں واپس لینے کی مخالفت کی اور نشاندہی کی کہ حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے شہباز شریف کو اجازت دینے کے معاملے پر عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا ہے۔ درخواستوں پر پہلے حکومت کے مؤقف کا جائزہ لیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ قانون کے مطابق کوئی درخواست کسی بھی وقت واپس لی جا سکتی ہے۔ بعد ازاں شہباز شریف کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام چیلنج کیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے شہباز شریف کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے حوالے سے توہین عدالت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔