وزیراعظم جہانگیر ترین سے انتقام لینا چاہتے ہیں نہ رعایت دینگے ،اسد عمر

173

گھو ٹکی (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جہانگیر ترین سے نہ انتقام لینا چاہتے ہیں اور نہ ان کو رعایت دیں گے‘ ترین گروپ کے مطالبات پر بات ہوچکی‘ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کسی فرد کے لیے نہیں‘ سندھ حکومت گھوٹکی، جیکب آباد، خیرپور اور سکھر کے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔گھوٹکی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھوٹکی سب سے زیادہ گیس کی پیدوار دینے والا ضلع ہے اور یہاں سے پاکستان کے بیشتر شہروں کو گیس فراہم کی جارہی ہے‘ یہ ظلم تھا کہ جس ضلع سے دیگر شہروں کو گیس دی جائے اور وہاں کی مقامی آبادی کو گیس نہ دی جائے‘ گھوٹکی کے وسائل پر سب سے زیادہ حق گھوٹکی کے لوگوں کا ہے‘ وزیراعظم نے قدرتی وسائل کے فیلڈز کے ملحقہ علاقوں میں گیس فراہمی یقینی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کو گھوٹکی، جیکب آباد، خیرپور اور سکھر کے ترقیاتی کام کرانے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے‘ ان کی پالیسی ہے کہ نہ کام کریں گے‘ نہ کرنے دیں گے‘ سندھ میں 50 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔