کوئٹہ کے علاقے سریاب قمبرانی روڈ پر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بشیر چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے اور دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچے ،جہاں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لےلیا جبکہ امدادی ٹیموں نے دھماکے میں زخمی ہونیوالوں کو فوری اسپتال منتقل کیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے دھماکے سے متعلق جاری بیان میں بتایا ہےکہ قمبرانی روڈ دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں اور زخمیوں میں ایک ایف سی اہلکار اور چار راہگیر شامل ہیں جبکہ دھماکا سڑک کنارے نصب دھماکاخیزمواد پھٹنےسےہوا ہے۔
واضح رہے صوبہ بلوچستان میں تین روز کے دوران دہشت گردی کا یہ دوسرا واقعہ ہے جبکہ اس سے قبل 21مئی کو چمن میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔