غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹو

400

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کیلیے پرانی مردم شماری کے اعداد وشمار کا استعمال کیا، مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم صاحب، مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں کی مارکیٹنگ سے ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔

بلاول بھٹوزرداری نے سوال کیا کہ عمران خان نے 90 روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا، آج ایک ہزار 11واں دن ہے، ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟ عمران خان نے عوام سے آج تک جتنے وعدے اور دعوے کئے، کسی ایک کو بھی پورا نہ کرسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ایک زرعی ملک کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر ایک طمانچہ ہے، عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، عمران خان مہنگائی کے سونامی کی تباہی کا شکار عوام کے سامنے سرنڈر کرکے جھوٹے دعوے کرنے پر معافی مانگیں۔