لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر میں24 گھنٹوں کے دوران دو نوزائدہ بچوں کی نعشیں برآمد، شناخت نہ ہونے پر ایدھی انتظامیہ کی جانب سے نعشیں دفنادی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود لْہر کالونی اور رئیس کینال روڈ لاہوری محلہ سے 24 گھنٹوں کے دوران دو نوزائدہ بچوں کی نعشیں دیکھ کر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے پہنچ کر نعشیں تحویل میں لیتے ہوئے ضروری کارروائی کے بعد ایدھی انتظامیہ کے حوالے کردیں جن کی جانب سے بچوں کی نعشوں کو غسل اور کفن دے کر شہر کے قریب دودائی قبرستان میں دفنادیا گیا۔دوسری جانب قنبر شہر کے سول اسپتال روڈ کے علاقے میں وگن برادری کے دو گروپوں میں جاری پرانے تنازع پر مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 79 سالہ ضعیف شخص عبدالحق وگن موقع پر جاں بحق جبکہ 3 سالہ بچی سکینہ اور تین خواتین شبانہ، نصیبان اور رخسانہ شدید زخمی ہوئیں۔ زخمیوں کو اہل خانہ کی جانب سے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس موقع پر زخمیوں کے اہل خانہ عبداللہ وگن نے بتایا کہ ہمارا اپنی ہی برادری کے ساتھ پرانا زمینی تنازع چل رہا ہے جس پر آج ہمارے مخالفین نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دادا عبدالحق جاں بحق، بیٹی سکینہ سمیت شبانہ، نصیبان اور رخسانہ زخمی ہوئیں۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔