اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانا سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا ذاتی معاملہ ہے، اس پر بات نہیں کرنا چاہتی ہوں۔ اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے چودھری نثار کے حلف سے متعلق سوال پر نوکمنٹس کہہ دیا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ موجودہ دور حکومت میں شہباز شریف کے منصوبوں کو بند کیا گیا ہے۔ شہباز شریف نے 2014ء میں الیکٹرانک لائبریری اور تمام اسکولوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کیں۔ الیکٹرانک لائبریری میں ایک لاکھ کتابوں کو آئی پیڈ میں محفوظ کیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کوشرم آنی چاہیے کہ وہ نواز شریف اورشہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگارہے ہیں، یہ حکومت جھوٹ کے پلندوں پر اپنی تختیاں لگاتی ہے۔ ترجمان نے موجودہ حکومت پر ادارہ شماریات کا ڈیٹا چرانے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ ڈیٹا چوری کرتے اور ن لیگ کے منصوبوں پر تختیاں لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن آٹا، بجلی، گیس، چینی کی چوری اور 50 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کرنے کا ہے۔ اس حکومت نے 14 ہزار ارب روپے کا قرض لے لیا ہے۔