حلف اٹھانا چودھری نثار کا ذاتی معاملہ ہے، مریم اورنگزیب

137

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانا چودھری نثار کا ذاتی معاملہ ہے، اس پر بات نہیں کرنا چاہتی، عمران خان کو شرم آنی چاہیے کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں، یہ حکومت جھوٹ کے پلندوں پر اپنی تختیاں لگاتی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ موجودہ دور حکومت میں شہباز شریف کے منصوبوں کو بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 2014ء میں الیکٹرونک لائبریری اور تمام اسکولوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کیں، الیکٹرونک لائبریری میں ایک لاکھ کتابوں کو آئی پیڈ میں محفوظ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان کوشرم آنی چاہیے کہ وہ نواز شریف اورشہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگارہے ہیں۔