نیویارک‘اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے۔نیویارک میں تحریک انصاف کے کارکنان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے جب کہ ہم بھارت سے جنگ نہیں چاہتے،ہم بات چیت سے نہیں گھبراتے کیونکہ ہم سچائی پرہیں،پاکستان کا موقف درست اور مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی طرح کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور میں نے سلامتی کونسل کو13خط لکھے ہیں،کشمیر کا مقدمہ بھی پیش کر چکا ہوں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن کے نام پر لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے،5اگست 2019 ء کے اقدام سے معاملات بھارت نے بگاڑے۔ انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے جب کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی فلسطین امن سفارتی مشن کے حوالے سے دورہ نیویارک مکمل کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے۔جان ایف کینیڈی ائرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم ،امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔وزیر خارجہ نے فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مسلم امہ و مختلف علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور انہیں نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی روک تھام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی دعوت دی۔فلسطین کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے موقف کو واضح اور 2 ٹوک الفاظ میں پیش کیا ۔