سری لنکا اور بنگلا دیش کے مابین 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز کا پہلا میچ اتوار(23 مئی) کو ڈھاکا کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا اوربنگلا دیش کے مابین ہونے والایہ بنگلا دیش میں18 واں اور کل ملاکر49 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوگا۔ابھی تک دونوں کے مابین جو 48 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سری لنکا نے 39 اور بنگلا دیش نے 7 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان دو میچ نامکمل بھی رہے ہیں۔بنگلا دیش میں دونوں کا مقابلہ17 مرتبہ ہوا ہے جس میں سے سری لنکا نے13 اور بنگلا دیش نے 4میں جیت درج کی ہے۔
دن اور رات کے میچوں میں بھی سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین جو26 دن اور رات کے میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سری لنکا نے20 اور بنگلا دیش نے 4 جیتے ہیں۔ دونوں کی مابین دو میچ نامکمل بھی رہے ہیں۔ آخری 5میچوں میں سری لنکا نے4 اور بنگلا دیش نے ایک میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔سری لنکا اور بنگلا دیش کے درمیان آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ31 جولائی 2019کو کولمبومیں کھیلا گیا تھا جو سری لنکا نے 122رنز سے جیتا تھا۔ سریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں 8 وکٹ پر 294 رنز بنائے تھے۔ بنگلا دیش کے سبھی کھلاڑی36 اوور میں172 رنز بناکر آوٹ ہوگئے تھے جسکی وجہ سے اسے اس فائنل میچ میں شکست ہوئی تھی۔ سری لنکا نے سریز3-0 سے جیتی تھی۔
سری لنکا کا بنگلا دیش کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں 9 وکٹ پر357 ہے جو اس نے لاہور میں25 جون 2008 کو بنایا تھا۔ بنگلا دیش کا سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں 5وکٹ پر324 ہے جو اس نے دمبولا میں 25 مارچ 2017 کو بنایا تھا۔
سری لنکا کا بنگلا دیش کے خلاف سب سے کم اسکور35.2 اوور میں 124ہے جو اس نے دبئی میں 15ستمبر 2018کو بنایا تھا۔ بنگلا دیش کا سری لنکا کے خلاف سب سے کم اسکور30.1اوور میں76 ہے جو اس نے کولمبومیں 5 اگست 2002 کو بنایا تھا۔
تلیکا رتنے دلشان نے26 فروری 2015 کو ملبورن میں کھیلے گئے عالمی کپ کے میچ میں146 گیندوں پر22 چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر161 رنز بنائے تھے جو سری لنکا کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ بنگلا دیش کیلیے سری لنکا کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ مشفیق الرحیم کے پاس ہے جنہوں نے دمبولا میںدبئی میں 15ستمبر 2018کو 150 گیندوں 11چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے144 رنز بنائے تھے۔
چمندا واس نے پیٹر مارٹیز برگ میں14 فروری 2003 کو کھیلے گئے میچ میں25رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو سری لنکا کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف سب سے اچھی بولنگ ہے۔ بنگلا دیش کے لیے سری لنکا کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ عبدالرزاق کے پاس ہے جنہوں نے پالے کیلے میں 28 مارچ2013 کو 62 رنز دیکر 5وکٹ لی تھی۔