کھڈرو (نمائندہ جسارت) سانگھڑ نوابشاہ روڈ پر چند دن قبل موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق۔ کھڈرو بس اسٹاپ پر موٹر سائیکلوں کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان 20 سالہ سجاد چانگ اور 22 سالہ فقیر محمد ملک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہوگئے۔ واضح رہے کہ مذکورہ حادثہ 4 دن قبل ہوا تھا، سجاد چانگ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہوگیا تھا جبکہ فقیر محمد ملک ولد شیر محمد ملک 4 روز سے نوابشاہ پیپلز اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل تھا جہاں وہ گزشتہ رات زندگی کی بازی ہار گیا۔ اس حوالے سے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سانگھڑ نوابشاہ روڈ خونی شاہراہ بن گئی ہے، روڈ پر مؤثر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بن گیا ہے۔ حکومت کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے۔