کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرکے پاکستان کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلنے والوں کو معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے شرم آنا چاہیے۔ غیر معمولی معاشی تباہی پھیلانے والے عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں شرح غربت27فیصد پر پہنچ چکی ہے جبکہ سندھ میں پی پی کی حکومت میں شرح غربت میں 7.6 فیصد کمی ہوئی۔ بلاول زرداری نے کہا کہ سندھ کی فی کس آمدنی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے، عمران خان ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر بھی ٹیکس لگانا چاہتے ہیں‘ پنشن پر10 فیصد ٹیکس لینے کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں‘ عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔