شہباز شریف کا بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ

167

لاہور‘اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آن لائن )صدر(ن)لیگ ‘قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کا نام حکومت کی طرف سے ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا جس کیخلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا تھاتاہم انہوں نے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر لیاہے،فیصلے پر عملدرآمدکی درخواست واپس لینے کے لیے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔شہباز شر یف کی جانب سے درخواست اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دائر کی۔جسٹس علی باقر نجفی (کل)پیر 24 مئی کو شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں وفاقی حکومت نے شامل کیا،نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باعث درخواست واپس لینا چاہتے ہیں، عدالت نے 26مئی کے لیے عمل درآمد کیس میں نوٹسز جاری کررکھے ہیں،عمل درآمد سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے، عدالت درخواست واپس کرے۔ علاوہ ازیں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ شہباز شریف کا لاہور ہا ئیکورٹ سے بلیک لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست واپس لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے دلائل ناقص تھے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے دلائل دے کر ملک سے بھا گنا چاہ رہے تھے،میری شہباز شریف کو قانونی معاونت کی آفر اب بھی موجود ہے۔