لاہور(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار اور 2کروڑ لوگوں کو بدترین غربت میں دھکیل چکی ہے۔ مسلم لیگنے شرح ترقی 5.8 فیصد پر چھوڑی اور عمران آج محض 3.9 فیصد شرح ترقی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ٹو یٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران معاشی نظام اپنے دوستوں کو نفع پہنچانے کے لئے چلارہے ہیں۔کامیاب معیشت میں مہنگائی کم، روزگار میں اضافہ ہوتا ہے،حکومت سکول، ہسپتال اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بناتی ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں ہفتے میں قیمتوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ اتنی بلند مہنگائی کی شرح جہاں صرف خوراک کی قیمتوں میں14 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، مڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے۔عمران خان ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لئے چلا رہے ہیں۔ PTI نے 0.4 فیصد سے 0.5 فیصد کے گزشتہ سال کے اپنے اعداد وشمار پر نظرثانی کی ہے، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3 فیصد کمی آئی۔ غیرجانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی ہونے کا بتا رہے ہیں۔ لہٰذا شرح ترقی اس سال بھی غیرحقیقی ہے جو نظرثانی پر آئندہ برس کم ہوگی۔ PTI نے اپنے پہلے سال میں اصل 1.9 فیصد کے عدد کو بڑھا چڑھاکر 3.3 فیصد دکھایا تھا۔ اس سال بھی انہوں نے عوام سے جھوٹ بولاہے ۔