کراچی (سید وزیر علی قادری)فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے ڈاکٹر نریندر باٹرا کو دوبارہ صدر منتخب کرلیا، 47ویں کانگریس میں انہیں بھاری اکثریت سے برتری حاصل ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق 100سے زیادہ ممبران جو دنیا کے مختلف حصوں سے ویرچویل فورم میں شریک ہوئے اور ایجنڈا کے سرفہرست نکتہ پر رائے لی گئی، جس میں بھارت سے تعلق رکھنے والے نریندر باٹرا ایک مرتبہ پھر آئندہ 4سال کے لیے ایف آئی ایچ کے سربراہ مقرر ہوگئے۔
ان کی مدت 2024تک رہے گی، نو منتخب صدر نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہویے یقین دلایا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
ڈین اینڈراڈا بیریس اور ہزل کینڈی دونوں کو بھی دوبارہ ایف آئی ایچ ایگزکٹو بورڈ کا ممبر منتخب کرلیا گیا، اکرام اور اریک کورنیلسن بھی بلا مقابلہ ممبر ایگزیکٹو بورڈ منتخب ہوگئے۔
صدر فیڈریشن نے 2018میں 46ویں کانگریس کی توثیق کے بعد ان تمام پہلوئوں پر روشنی ڈالی جو 4سال کے لیے ایجنڈا میں شامل کیے گئے تھے۔
ڈاکٹر نریندر کا کہنا تھا ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ، ایف آئی ایچ نیشن کپ اور ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ 8سالہ ہاکی کلینڈر کو بھی مرتب کیا گیا جس پر تسلسل سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کو تمام ممبران کی کامیابی قرار دیا جن کی حمایت کے بغیر یہ ناممکن تھا ، کانگریس کے ممبران نے بھرپور انداز میں ڈاکٹر باٹرا کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی تمام امور کی انجام دہی میں تعاون کا یقین دلایا۔