ون ڈے کرکٹ میں السڈیر ایوانس کی سب سے اچھی بولنگ

161

روٹر دیم میں ہالینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اسکاٹ لینڈ نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 2 میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ اسکاٹ لینڈ کی اس جیت میں سب سے اہم کردار دائیں ہاتھ کے تیز بولر السڈ یر ایوانس کا رہا جنہوں نے9.4 اوور میں43 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہالینڈ کے تمام کھلاڑی 48.4 اوور میں171 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے تھے۔ اسکاٹ لینڈ نے42.1 اوور میں4 وکٹوں پر 172 رنز بناکر میچ میں جیت حاصل کی جو اس کی ہالینڈ کے خلاف 11ایک روزہ بین الاقوامی میچوں 7ویں تھی۔
السڈیر ایونس نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی مرتبہ ایک اننگ میں5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انکی یہ کارکردگی ہالینڈ کے خلاف دوسری سب سے اچھی بولنگ ہے۔ ہالینڈ کے خلاف اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ جان بلین کے پاس ہے جنہوں نے ڈبلن میں29 جولائی2021 کو 9 اوورمیں22 رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔
السڈیر ایونس کی اس سے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ10 اوور میں41 رنز دیکر 4 وکٹوں تھی جو انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف مونگ کوک میں26 جنوری 2016 کو انجام دی تھی۔اس میچ میں ہانگ کانگ نے 109رنز سے جیت حاصل کی تھی۔متحدہ عرب امارات کے خلاف ایڈنبرا میں14 اگست2016 کو انہوں نے8 اوور میں41 رنز ہی دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا ۔ اس میچ میں اسکاٹ لینڈ کو98 رنز سے کامیابی ملی تھی۔
السڈیر ایونس ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے اسکاٹ لینڈ کے تیسرے اور کل ملاکر325 ویں بولر بنے۔ انہوں نے اپنے38 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ایسا کیا اور وہ ااسکاٹ لینڈ کی جانب سے سب سے کم میچوں میں نصف سنچری مکمل کرنے والے بولر بنے۔ اس میچ کے اختتام تک انہوں نے37 اننگز میں295.2 اوور میں1566رنز دیکر30.11 کی اوسط اور34.07 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ52 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
سفیان شریف اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ دائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے اس کھلاڑی نے2011 سے اب تک جو45 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی45 اننگز میں360.5 اوور میں1817 رنز دیکر27.95 کی اوسط اور33.30 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ65 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز ماجد حق کے پاس ہے ۔اس آف بریک بولر نے 2006 اور2015 کے درمیان جو54 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے انکی51 اننگزمیں438.5 اوور میں1975 رنز دیکر32.91 کی اوسط اور43.88 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ60 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔