اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے منشیات کے ملزم کی کم سزا کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم خراسان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الحسن کی سربراہی میں3رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ ملزم کو ٹرائل کورٹ نے 3 سال کم سزا دی،پشاور ہائیکورٹ نے سزا کو مزید کم کرکے ایک سال کردی،ٹرائل کورٹ نے انسداد منشیات قانون کے برعکس سزا دی،جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ ذرا ٹھہر جائیں، منشیات کے کیس میں اتنی کم سزا کیسے ہو گئی۔ملزم خراساں کے وکیل نے اس موقع پر دلائل دیے کہ میرا موکل سزا پوری کرکے جیل سے باہر آ چکا ہے۔عدالت عظمیٰ نے ملزم کو نوٹس جاری کرکے کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔ملزم خراساں کو 2016ءمیں منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا۔