سکھر (نمائندہ جسارت) پنوعاقل کے قریب گزشتہ روز ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی بس کمپنی کیخلاف موٹر وے پولیس کا سخت ایکشن،بس کمپنی کی تمام بسوں کی سندھ میں داخلے پر پابندی کی سفارش۔ بس کمپنی اور ڈرائیور کیخلاف تھانہ دبر میں موٹروے پولیس کی جانب سے مقدمہ درج، ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی کا سکھر میں ہنگامی دورہ، ڈی آئی جی کو رونما ہونے والے حادثے کے بارے میں موٹر وے ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی موٹر وے ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی نے گزشتہ روز پنوعاقل کے قریب المناک بس حادثے کی جگہ کا معائنہ بھی کی۔ ڈی آئی جی نے اس افسوسناک حادثے کی پوسٹ ایکسیڈنٹ رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا تاکہ اس قسم کا کوئی حادثہ دوبارہ رونما نہ ہوسکے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی موٹروے پولیس نے اسپتال میں بس حادثے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ جبکہ ایس پی موٹروے سکھر نے بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی آبائی علاقوں میں نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت بھی کی۔ موٹر وے پولیس کے افسران کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی موٹروے سندھ کی ہدایت پر ایسے بس ڈرائیور کیخلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو دوران ڈرائیونگ غفلت اور لاپروائی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ انہوں نے ا یس پی موٹروے سکھر کو بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے آبائی علاقوں میں نماز جنازہ میں شرکت کی ہدایت اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی بھی ہدایت کی۔ ان کی ہدایت پر ایس پی موٹروے سکھر نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پنجاب روانہ ہوگئے۔