عمران خان مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے بجائے نوٹس لیتے ہیں،بلاول

275

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے عام آدمی کے لیے پی ٹی آئی دورِ حکومت کو ملکی تاریخ کا سب سے بدترین دور قرار دے دیا۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں پارٹی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان دنیا کے واحد حکمران ہیں جو مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے بجائے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہیں‘ انہوں نے سوال کیا کہ دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانے کے علاوہ عمران خان اپنا کوئی ایک کارنامہ بتائیں جس سے عوام کو فائدہ ہوا ہو‘ عمران خان الزامات، دعوئوں، وعدوں اور یوٹرن لینے کے علاوہ اب تک کچھ نہیں کرسکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بے ضابطگیوں سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر پردہ ڈالنے سے عمران خان کی کرپٹ حکومت کے کرتوت چھپ نہیں سکتے‘بڑے کاروباری سیکٹرز کو مراعات دینے سے عام آدمی کی معاشی حالت بہتر نہیں ہوسکتی۔ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کی مضبوط بنیادیں بھٹو شہید، شہید بینظیر بھٹو اور صدر زرداری نے رکھی ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ہم پاک چین دوستی کے 70 برس کی تکمیل کا جشن مناتے ہوئے دوستی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ آئے روز دہشت گردی کے واقعات باعثِ تشویش ہیں‘ سلیکٹڈ حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نیچمن میں جلسے کے دوران ہونے والے دہشت گرد دھماکے کی شدید مذمت کی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہارکیا۔