لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ فلسطین کے عوام کے تحفظ کے لیے جوائنٹ پروٹیکشن فورس کا قیام ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سیاسی پولرائزیشن انتہائی عروج پر ہے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ اکٹھا بیٹھنا ہوگا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں فلسطین میں اسرائیلی حملوں سے بچوں، نمازیوں، عورتوں اور بزرگوں کی شہادت پر اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے رمضان المبارک میں مسجد کی بے حرمتی کے ساتھ ساتھ نمازیوں پر تشدد کرکے ظلم و جارحیت کی انتہا کردی ہے۔ عید پر مائیں اپنے بچوں کیلیے نئے کپڑے خریدتی ہیں لیکن فلسطین میں مائوں نے کفن خریدے سانحہ فلسطین اور سانحہ مقبوضہ کشمیر انسانیت کیلیے ایک افسوسناک واقعہ ہے۔