اسلام آباد (صبا ح نیوز) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کا کہنا ہے کہ مسلم امہ میں اتحاد سے ہی صیہونی اسرائیل پسپائی پر مجبور ہو گا، سفاک اسرائیل نے غزہ کے لوگوں کے قتل کے جرم کا ارتکاب کیا، ظالم اسرائیل کے ساتھ معاہدے کرنے سے فلسطین کاز اور امن کو فروغ نہیں دیا جا سکتا۔ دہشت گرد اسرائیل کے لیے لچک اور سمجھوتا فلسطینیوں کے خلاف اس کے خونی مظالم میں اضافے کا باعث ہو گا۔ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کا مؤقف ہمیشہ غیر متزلزل اور واضح رہا ہے ۔ ایران کے نزدیک اسرائیل ایک جعلی اور قابض ملک ہے، ہم نے اسے کبھی تسلیم نہیں کیا۔ ایران کے نزدیک مسئلہ فلسطین کا واحد حل فلسطین ریفرنڈم کا انعقاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم میں فلسطینی مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کو اپنے لیے سیاسی نظام کے انتخاب کا حق دیا جائے۔ ایسا حل اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کے مطابق ہے۔ ایرانی سفیر کاکہناتھاکہ بحیثیت رکن مسلم امہ ایران مظلوم فلسطینیوں کی بے لوث حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔