عدم اعتماد کی صورت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں گے، پرویز الٰہی

107

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اور وفاق میں حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) نے حکومت کی جانب سے تمام تر وعدہ خلافیوں کے باوجود حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جمعرات کے روز لاہور میں وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران ق لیگ کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وفاق اور صوبے میں کسی سطح پر حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی تو پاکستان مسلم لیگ (ق) حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی جبکہ دوسری طرف سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) میں حکومت کے ساتھ اپنے تمام تر تحفظات کے باوجود کھڑے ہونے کا فیصلہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے گروپوں کی جانب سے متحرک ہونے کی وجہ سے کیا ہے،چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو چیزیں پہلے دن طے ہوئیں ان پر آج تک عمل نہیں ہوا۔ پنجاب میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، فی الحال اپوزیشن نے پکانے کیلیے کچھ اکٹھا نہیں کیا،مریم نواز ہی (ن) لیگ کی وارث ہیں۔ جب ہم کسی کے ساتھ چلتے ہیں تو کسی کو دھوکا نہیں دیتے، ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، انشاء اللہ حکومت کے خلاف ہماری طرف سے کبھی عدم اعتماد نہیں آئے گی۔ ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہمیں زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب حکومت کو مشکل پڑتی ہے تو ہم ساتھ دیتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا معاملہ عمران خان کے کہنے پر ہم نے حل کیا، چودھری شجاعت حسین اور میں نے بڑی محنت کر کے اس مسئلے کو حل کیا۔