دنیا بھر میں اندرونِ ملک بے گھر افراد کی تعداد کا نیا ریکارڈ

187

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا بھر میں بے گھر افراد کے نگراں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ دنیا بھر میں ایسے افراد کی تعداد نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ جنیوا میں قائم ادارے نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ 2020ء کے اواخر میں بہت سے ممالک میں تشدد، تنازعات اور قدرتی آفات کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد ساڑھے 5کروڑ تھی۔ مرکز کی خاتون ڈائرکٹر الیگزانڈرا بلاک نے متنبہ کیا کہ کورونا کی وبا غیر یقینی انسانی صورت حال کو مزید خراب کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ اس وقت افغانستان، ایتھوپیا، موزمبیق، جمہوریہ کانگو اور شام سب سے زیادہ متاثرہ ممالک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مسلح تصادم اور قدرتی آفات نے گزشتہ سال ہر سیکنڈ میں ایک فرد کو اپنے ملک سے فرار ہونے پر مجبور کیا۔