لاہور(نمائندہ جسارت) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ ججز عدالتی کارروائی سے قبل اپنے حلف نامے کو پڑھیں تو آپ کو ہمیشہ یاد رہے گا کہ آپ نے اپنے رب سے اور اپنے آپ سے کیا وعدہ کیا ہے،روزانہ رات کو سونے سے قبل اپنا محاسبہ کریں اور اپنی غلطیوں پر نظر رکھیں اور بہترین انصاف کی فراہمی کو اپنا شعار بنائیں۔وہ گزشتہ روزپنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پری سروس ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والے سول ججز میں اسناد تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کرنا اللہ کی صفت ہے اور یہ جج کا منصب اللہ کی جانب سے ہی عطاکردہ ہے ،تمام سول ججز ایک مشکل مرحلے سے گزر کر عدلیہ کا حصہ بنے ہیں اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں آپ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا گیا ہے،تمام ججز اپنے حلف نامے کو اپنے سامنے رکھیں اور روزانہ عدالتی کارروائی سے پہلے اس کو پڑھیں۔بعدازاںچیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے پری سروس تربیتی کورس مکمل کر نے والے27 مردو خواتین سول ججز میں اسناد تقسیم اور مبارکباد دی۔