بلاول سندھ کی کرپشن کا بھی حساب رکھا کریں‘ خرم شیر زمان

154

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ میں واٹر سپلائی اسکیمز کے کاموں میں 4 ارب روپے سے زاید کی کرپشن پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ سندھ میں پانی کی رنگ برنگی اسکیموں کے نام پر صرف عوام کی امیدوں پر پانی پھیرا جاتا ہے‘ بلاول ماہر حساب کتاب بننے سے پہلے سندھ کی کرپشن کا حساب بھی رکھا کریں‘ پیپلز پارٹی نئی اسکیمیں متعارف کراکے اپنی کرپشن کے راستے آسان بنا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی اسکیموں سے عوام کے بجائے وزرا استفادہ کرتے ہیں‘ پانی کی قلت پر حسب عادت بلاول نے وفاق پر الزامات لگائے‘ بلاول حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے عادی ہیں‘ سندھ کے عوام پانی کی مصنوعی قلت سے مررہے ہیں‘ کراچی پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے۔ پانی کی مصنوعی قلت کے پیچھے بھی سندھ حکومت ہے‘ سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے ٹینکر مافیا پروان چڑھا اور آج شہریوں کو ان کا بنیادی حق و ضرورت پیسوں کے عوض دیا جاتا ہے۔