دورہ یوکرین: آرمی چیف کی وزیراعظم سمیت اعلی یوکرینی حکام سے ملاقاتیں

444

کیئف: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورہ پر یوکرین میں ہیں، جہاں ان کی یوکرینی وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورہ پر یوکرین میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے یوکرینی وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں، آرمی چیف کی یوکرین کے وزیر برائے صنعت سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقاتوں میں افغان امن عمل اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یوکرینی وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے یوکرینی وزیردفاع اور یوکرینی مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف کو وزارت دفاع پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشتگردی اور انٹیلجنس کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک بامقصد تعلقات کو وسعت دے سکتے ہیں۔

آرمی چیف نے یوکرائن کے علاقے خارکیو میں ملٹری ٹیسٹ سائٹ کا بھی دورہ کیا اور مختلف ہتھیاروں اور آلات کے فیلڈ ٹیسٹ دیکھے، سی او اے ایس نے ٹیسٹوں میں گہری دلچسپی لی، اور منصوبوں سے وابستہ تمام شعبوں کی کارکردگی کو سراہا۔