اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عید الفطر اور رمضان المبارک میں فلسطینی شہریوں پر جارحیت انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کیا۔ بات چیت کے دوران فلسطین کی موجود صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں عہدیداروں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین کے لیے مل کر آواز اٹھانے پر بھی اتفاق کیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہا اسرائیلی ظلم اور بربریت کے خلاف او آئی سی ممالک کو خطوط لکھے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی قومی اسمبلی نے 17 مئی کو اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ انہوں نے کہا عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر حملے انسانی اصولوں کے منافی ہیں۔