سکھر،روہڑی میں قبرستانوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن

119

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں قبرستانوں سے تجا وزات کے خاتمے کے لیے آپریشن ، متاثرین سڑکوں پر نکل آئے ، ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ و دھرنادیا اور ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بااثر لوگوں کے گھر چھوڑ کر ہم غریبوں کو جو سالوں سے آبا دہیں ان کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق روہڑی میں عدالتی احکامات پر قبرستانوں پر سے قبضے ختم کرانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے آپریشن جاری ہے انتظامیہ کی جانب سے گھر گرائے جانے کے خلاف متاثرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے بیڑی ( کشتی چوک ) چوک کے علاقے میں روڈ پر ٹائر جلاکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ۔اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر آپریشن عدالتی حکم پر کیا جا رہا ہے تو اس میں تفریق کیوں برتی جا رہی ہے بااثر افراد کے گھر چھو ڑ کر صرف غریبوں کے گھر کیوں گرائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سالوں سے اسی جگہ آباد ہیں مگر اب ہمیں بے گھر کیا جا رہا ہے جو کسی طور درست نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں بے گھر کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اوربااثر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جا ئے جن کے قبضوں کی وجہ سے آج ہمیں بے گھر ہونا پڑ رہا ہے ۔مظاہرین کے احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی بھا ری جمعیت نے پہنچ کر ان سے مذاکرات کیے جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔