لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عالم اسلام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیلی دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے اور تاریخ کے اس اہم موڑ پر اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال دے ۔تیمرہ گرہ دیر پائن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے سعودی عرب ، ایران ، ترکی اور پاکستان کے حکمرانوں سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں محصور لاکھوں بچوں اور بچیوں کی بلبلاہٹ کو سنیں جو آسمان کی طرف منہ کر کے امت مسلمہ کو مدد کے لیے پکا ررہے ہیں۔ انہوںنے صحافیوں کو آگاہ کیا کہ جماعت اسلامی مسلسل کئی روز سے دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں سے رابطے میں ہے ، اس سلسلے میں جماعت اسلامی نے ایک آن لائن اجلاس بھی منعقد کیا جس میں 23 تنظیموں کے 222 مندوبین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شریک حماس کے رہنمائوں اسماعیل ہنیہ اور خالد مشعل نے شرکا کو غزہ کی تفصیلی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی دہشت گردوں کی ظالمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں محصور فلسطینی علاقے میں ہزاروں کی تعداد میں بچے ، خواتین ، بزرگ اور نوجوان زخمی پڑے ہیں ۔ میڈیکل ریلیف ، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی ترسیل رکی پڑی ہے ۔ غزہ کربلا کا منظر پیش کر رہاہے اور دنیاتماشا دیکھ رہی ہے۔ پورے علاقے میں انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکاہے ، اسپتالوں اور اسکولوں کو تباہ کردیا گیاہے ۔ سرا ج الحق نے بتایا کہ فلسطینی رہنمائوں نے پورے عالم اسلام سے ہر طرح کی مدد کی اپیل کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وقت آگیاہے کہ اسلامی ممالک ناجائز اسرائیل ریاست کے خلاف واضح لائحہ عمل کا اعلان کریں ۔انہوں نے کہاکہ وہ اسلامی ممالک جو فلسطین کے پڑوس میں ہیں ، ان پر لازم ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور مظلوموں کی مدد کریں ۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اور دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں نے فیصلہ کیاہے کہ وہ نہتے فلسطینی مسلمانوں کی بھر پور مدد جاری رکھیں گے ۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فلسطین کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے عالم اسلام کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ مسجد اقصیٰ امت مسلمہ کو پکار رہی ہے ۔ اسرائیل اوربھارت نے مل کر فلسطینیوں اور کشمیریوں کی مکمل نسل کشی کا فیصلہ کیاہواہے ۔ اس صورتحال میں اسلامی ممالک کو مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ وقت آگیاہے کہ مذمتی قرار دادوں تک محدود نہ رہاجائے ۔ اگر مذمتی قراردادوں سے مسئلہ حل ہونا ہوتا تو گزشتہ 70 برس میں ہوچکاہوتا۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادیں محض کاغذ کے ٹکڑے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی امریکا کا طرز عمل انتہائی افسوسناک ہے کہ اس نے ان قراردادوں کو بھی ویٹو کیا۔ انہوں نے کہاکہ امریکا فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل کا ساتھی ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنما اعزاز الملک افکاری ، صاحبزادہ یعقوب اور سعید گل بھی پریس کانفرنس میں سراج الحق کے ساتھ تھے ۔