اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بعض وزراء کی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات پرعمران خان ناخوش ہیں، ہم سب وزراء ملکر بھی عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، پی ٹی آئی وزراء کی سیاست عمران خان کی وجہ سے ہے، یہ پہلی بار وزیر بنے ہیں،اب حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر کرنی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سارے قیدیوں کو جیلوں سے چھوڑ دیا جائے تو7 ارب کی کرپشن نہیں بنے گی، عمران خان کی جماعت انصاف کے نام پر بنی ہے، نیب نے جس دن ہمیں ای سی ایل کی سمری بھیجی ، کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے۔شہبازشریف بھی عدالت میں ہیں ہم بھی کورٹ میں ہیں، اب شہبازشریف کے باہر جانے کا حتمی فیصلہ عدالت کرے گی، خدشہ ہے شہبازشریف باہر جاکر اپنے خلاف شواہد ٹیمپر کریں گے۔شہبازشریف میں بھائی کے سامنے کھڑے ہونے کی سکت نہیں، مسلم لیگ ن میں دوگروپ ن اور ش واضح ہے، چودھری نثار اگر حلف نہیں لے گا تو اپنے بیٹے کو الیکشن میں اتارے گا، مریم نواز کی موجودگی میں چودھری نثار کی سیاست نہیں ہوگی، شہبازشریف کے ساتھ چودھری نثار ٹھیک ہیں۔اگلے الیکشن عمران خان مسلم لیگ ن سے مقابلہ کرے گا، اپوزیشن عمران خان کو نہیں سمجھ سکتی، عمران خان نے اگر سرنڈر کیا تو پی ٹی آئی ختم ہوجائے گی۔