لاہور (نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اعلان دراصل توہین عدالت کا جرم کرنے کاباضابطہ حکومتی اعتراف ہے، عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں، انہیں عوام کے مسائل کی پروا ہے اور نہ ہی فلسطین پر قرارداد تیار کرانے میں کوئی دلچسپی لی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خوف میںوزیراعظم ، کابینہ ، وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات نے ایک گھنٹے میں 2 پریس کانفرنس کیں۔عوام کے لیے کچھ کرنے کے بجائے عمران خان نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرایا۔ ایک ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ ورلڈ بینک کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دی گئی رینکنگ کی تعریف کرتی ہے جوہماری حکومت میں ڈیٹا انیلیٹکس2017ء اور بائیو میٹرک تصدیق شدہ نظام 2016ء کے دوران شروع کردہ نظام کی وجہ سے ہے۔