جاوید ہاشمی کا آبائی گھر اور بیٹی کے شادی ہالز گرانے کا الزام

401

ملتان (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما جاوید ہاشمی نے الزام عاید کیا ہے کہ انتظامیہ ملتان میں آبائی گاؤں مخدوم رشید میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ میرے دیہات کے گھروں کو گرانے کیلیے پہنچ گئی، سیکڑوں پولیس اہلکار اور گاڑیاں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہیں، میرے گھر اورمیری بیٹی اور داماد کے شادی ہالز کو گرا رہی ہیں اور میں خود گرفتاری پیش کرنے گاؤں جارہا ہوں جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف غیر قانونی تعمیرات گرائی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے بتایا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے اور کسی رہائشی عمارت کو نہیں گرایا گیا اور نہ ہی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، مخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے شادی ہالز مسمار کردیے گئے ہیں، شادی ہالز کی تعمیر کیلیے تحصیل کونسل سے نقشے کی منظوری حاصل نہیں کی گئی، غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تمام کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی تعمیرات اور اس کے نتیجے میں ٹیکس کی عدم ادائیگی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔