اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف سمیت قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا نہیں جاسکتا۔پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ن لیگ کے صدر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے حوالے سے کیس میں دائر اپیل پر بات چیت ہوئی، جس پر عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں ہے ، قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، احتساب کا عمل اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیاکہ ہمارے معاشی اشاریے مثبت ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، خطے میں سب سے کم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں، اس پر وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔