نوابشاہ (سٹی رپورٹر) شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، وبائی امرض پھیلنے کا خدشہ، عوام کی دہائیوں کے باوجود کوئی شہری و ضلعی انتظامیہ اس جانب توجہ دینے سے قاصر، کورونا کے ساتھ ساتھ شہریوں کو گندگی کی اذیت ناک بیماریوں سے بچایا جائے، شہریوں کا مطالبہ۔ نوابشاہ میں مختلف علاقوں کے عوام نے شکایت کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں جن میں منو آباد، غریب آباد، گولیمار، تاج کالونی، مریم روڈ، خاصخیلی کالونی، افضال شاہ ٹاؤن، ابرار شاہ کالونی، پاک کالونی اور دیگر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔ دو ماہ سے ان علاقوں میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے تعفن اٹھ رہا ہے، جس کی وجہ سے وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، لیکن ضلعی و شہری انتظامیہ اس جانب توجہ نہ دے کر اپنی نااہلی کا مکمل ثبوت فراہم کررہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے مواقع پر بھی شہریوں کو گندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو احکامات صادر کریں، تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات دلوائی جاسکے۔