لاڑکانہ، کرنٹ لگنے سے لڑکا چل بسا نوجوان کی ناراضگی کے باعث خودکشی

354

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب ماہوٹا شہر میں 12 سالہ بچے احسان چاچڑ بجلی کرنٹ لگنے سے بیہوش ہوگیا جسے ورثاء کی جانب سے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے بچے کے موت کی تصدیق کرتے ہوئے لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ اس موقع پر ورثاء کا کہنا تھا کہ احسان نہانے کے لیے گیا جہاں پانی کی موٹر سے بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث وہ بیہوش ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ قمبر تحصیل کے گاؤں رانوتی میں 22 سالہ نوجوان آصف علی چانڈیو نے مبینہ طور پر اپنے بڑے بھائی سے ناراض ہوکر خود پر پستول کے فائر کرکے خودکشی کی کوشش کی، جسے ورثاء نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق خودکشی کرنے والے نوجوان کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک نوجوان کا علاج جاری تھا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود لہر کالونی میں ایک روز قبل مبینہ طور پر ملزم بھائی محمد امین کوریجو کی جانب سے اپنی جوان بہن ریما کوریجو کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، گزشتہ روز حیدری تھانہ کی پولیس نے ملزم محمد امین کوریجو کو سول، کنزیومر پروٹیکشن جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں لڑکی ریما سے جنسی زیادتی کی تصدیق ہوچکی، مزید تفتیش جاری ہے۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ مارکیٹ کی حدود پیر سرکٹیو روڈ کے علاقے میں نامعلوم چوروں نے بوٹ کی دکان کے تالے توڑ کر ڈیڑھ لاکھ مالیت بوٹوں کے جوڑے، ٹھیلا، سولر پنکھا سمیت دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئے اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر تفصیلات معلوم کرکے تفتیش شروع کردی۔ اس موقع پر متاثرہ دکاندار اعجاز نے مطالبہ کیا کہ ملوث چوروں کو گرفتار کرکے چوری شدہ سامان واپس کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔