اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مرد کی کامیابی کے پیچھے عورت کا نہیں اس کی محنت اور جہد مسلسل کا ہاتھ ہوتا ہے‘ یہ کہنا غلط ہے کہ ایک کامیاب مرد کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے‘ میں زندہ مثال ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی میں بہت سے کامیابیوں سے نوازا ہے‘ میں نے بھرپور زندگی گزاری ہے۔ اب میری آخری خواہش یہی ہے کہ مرنے کے بعد اپنی والدہ کے برقعے میں دفن ہوں جو میں نے سنبھال کر رکھا ہوا ہے‘ عمران خان ملک کو بہتر سے بہتر بنانے کی بھرپور کوشش میں ہے اور ان شاء اللہ وہ جلد ملک کو مسائل سے نکال لے گا۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندگی کی سب سے بڑی سعادت بیت اللہ شریف کی اندر سے زیارت کرنا ہے اسٹوڈنٹ سیاست میں زیادہ مزہ تھا‘ وزارت کی سیاست تو بس آنی جانی ہے۔ وزیر ریلوے کی آسان جبکہ وزیر داخلہ کی عید مشکل ہوتی ہے‘والدہ سے دیرینہ یادیں وابستہ ہیں۔ شادی نہ کرنے کا ملال نہیں‘میری شادی کی میری والدہ کی بڑی خواہش تھی۔ انہوں نے میری شادی کے لیے بہت سا زیور بھی بنا رکھا تھا جو میں نے والدہ کی وفات کے بعد لوگوں میں بانٹ دیا۔ شادی نہ کرنے کے پیچھے بہت سے معاملات تھے۔ مجھ اکیلے پر بہت بڑا بوجھ تھا۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں شروع سے ہی شرارتی تھا۔ شرارتوں کی وجہ سے اسکولوں اور کالجوں سے کئی بار نکالا گیا۔پرویز رشید کی الیکشن میں ہرانے کیلیے انہی کی والدہ سے دعا کروائی۔ میری زندگی کا یہ اصول ہے کہ کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ اور کسی کا حق نہ مارو۔ وقت کی پابندی کا بہت خیال کرتا ہوں۔ کوشش کرتا ہوں زندگی کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو حتیٰ کہ شاور پر بھی گھڑی لگا رکھی ہے۔ نیند نہیں آتی ،گولی کھا کر سوتا ہوں‘سب لوگ کہتے ہیں کہ مرد کی کامیابی میں عورت کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے لیکن میری نظر میں یہ گھسا پٹا جملہ ہے۔ میں کہتا ہوں کہ عورت انتخاب ہی کامیاب آدمی کا کرتی ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں زیادہ دوست اور دشمن نہیں بدلے۔ اگر مجبوری کے تحت ایسا کرنا پڑا تو علیحدہ بات ہے اب میرا ارادہ ہے کہ عمران کے ساتھ آئے ہیں اور اسی کے ساتھ جاؤں گا۔ خواہ وہ پانچ سال رہے یا دس سال یا پانچ دن رہے۔ نواز شریف کو اس لیے چھوڑا کہ اس نے مجھے ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ انسان کو جدوجہد جاری رکھنی چاہئے بیڈ اور فون پر زیادہ وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ایسے کم لوگ ہیں جس نے کھوکھا بھی خود ہی لگایا ہو اور پھر اللہ تعالیٰ نے اس کی سپر مارکیٹ بھی بنائی ہو۔ میں اپنی زندگی سے مطمئن ہوں میں ایک بھرپور زندگی گزارچکا ہوں اور اب بونس پر باقی دن گزار رہا ہوں میں نے تعلیم اور صحت کے میدان میں بہت کام کیا ہے۔ عمران خان ملک کو بہتر سے بہتر بنانے کی حتی الامکان کوشش کررہا ہے کسی بھی وزیر سے وہ دوگنا کام کرتے ہیں ۔ انشاء اللہ عمران خان اس ملک کو مسائل سے ضرور نکالے گا۔ عمران خان کو علم ہے کہ یہ ان کا ڈیلیوری ٹائم ہے۔